بھٹکل 18/ جون (ایس او نیوز) سابق ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے کی جانب سے صحافیوں کے لئے فراہم کیے گئے حفظان صحت کے کٹس تقسیم کرتے ہوئے بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران فرنٹ لائن کارکنان کے طور پر صحافیوں نے جو خدمات انجام دی ہیں اور انتہائی قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے پوری ذمہ داری کے ساتھ کورونا کے دوران لوگوں کو درپیش مسائل حکومت اور افسران کے سامنے پیش کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ لیکن حکومت کی طرف سے صحافیوں کی اس بے لوث خدمات پر توجہ نہیں دی گئی اور اس کا اعتراف نہیں کیا گیا جو کہ ایک قابل مذمت بات ہے۔ سنتوش نائک نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے لئے ایک علاحدہ پیکیج دینے کا اعلان حکومت کی طرف سے ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی سابقہ کانگریس حکومت نے قدرتی آفات میں مرنے والوں کے لئے 4 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن بعد میں آنے والی مودی سرکار نے اس اسکیم کو منسوخ کردیا ۔ اب ریاستی حکومت قدرتی آفات میں مرنے والوں کو ایک لاکھ روپے کا معاوضہ دیتی ہے۔
کانگریسی اقلیتی سیل کے ضلعی صدر عبدالمجید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ صحافیوں کی خدمات کی ستائش کرے اور ان کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے۔
اس موقع پر کرناٹکا جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر رادھا کرشنا بھٹ، اراکین موہن نائک، عنایت اللہ گوائی، رگھویندرا ہیبار، بھاسکر نائک، محمد رضا مانوی، وسنت دیواڑیگا، منموہن نائیک، رامچندرا کنی، منجونائک، رضوان گنگاولی، مولوی اظہر برماور سمیت کافی دیگر صحافی موجود تھے۔